اسحاق ڈار آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیش

اسلام آباد (انتخاب نیوز) مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیش ہو گئے، عدالت نے ان کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔ بدھ کو اسحاق ڈار اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے سامنے پیش ہوئے ۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے جج کے روبرو کہا کہ میں طبیعت خرابی کے باوجود پاکستان آنا چاہتا تھامگر عمران خان کی حکومت نے میرا پاسپورٹ کینسل کرا دیا تھا ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ دنیا بھر میں سفارت خانوں کو ڈائریکشن تھی کہ پاسپورٹ نہ دیا جائے، اب پاسپورٹ ملا ہے تو حاضر ہو گیا ہوں۔عدالت نے اسحاق ڈار کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کو 7اکتوبر کو دوبارہ طلب کر لیا۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ وارنٹ کی منسوخی کی درخواست اثاثہ جات ریفرنس کے ساتھ سنیں گے۔ اسحاق ڈار کو احتساب عدالت میں گزشتہ روز پیش ہونا تھا تاہم جج محمد بشیر کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹِ گرفتاری 7اکتوبر تک معطل کر رکھے ہیں۔عدالت نے تحریری حکم میں کہا تھا کہ ملزم اسحاق ڈار خود عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں تو انہیں ایک موقع دیا جانا ضروری ہے۔عدالت نے تحریری آرڈر میں لکھا کہ اسحاق ڈار کے وارنٹس ان کی عدالت میں حاضری یقینی بنانے کے لیے ہی تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں