مریم نواز کی بریت کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے، فواد چودھری

اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی بریت کے خلاف ان کی جماعت سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس کیس کی اپیل نیب نہیں کر سکتا، کیوں کہ انہوں نے خود اپنا چیئرمین لگایا ہوا ہے، یہ کیس ہم خود سپریم کورٹ میں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ کل جو مقدمہ سامنے آیا اس کے حقائق عوام کو بتائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ میرے والد ایک محنت کش آدمی تھے یہ بات بالکل ٹھیک تھی، 1947 میں شریف فیملی جاتی امرا سے لاہور آئی تو وہ مزدور تھے لیکن ان 7 بھائیوں نے محنت کر کے اتفاق فاو¿نڈری کی بنیاد رکھی جسے 70 کی دہائی میں ذوالفقار علی بھٹو سے قومیا لیا تھا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 1985 سے 1988 تک وزارت اعلیٰ جبکہ 1990 اور 1997 میں وزارت عظمیٰ کے دوران صرف شریف خاندان کی کمپنیوں کی تعداد 27 ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان اور زرداری خاندان کا جو اصل پیسہ بیرونِ ملک موجود ہے پاکستان کے عوام کو اس کی بھنک بھی نہیں، ہمیں تو صرف اس پیسے کا معلوم ہے جو پاناما پیپر اور انٹرنیشنل اسکینڈل کے نتیجے میں ہمارے سامنے آیا۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ہمارا نظام ایسا ہے کہ اس چھوٹے سے پیسے کو بھی نہیں سنبھال پارہا اور مریم اور ان کے خاندان پر نوازشات جاری ہیں، جس کا بالآخر نقصان پاکستان کے عوام کا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے لیے ہمارے نظام کا ایک ہی پیغام ہے کہ چوری کریں تو بڑی کریں، چھوٹی کریں گے تو پکڑے جائیں گے، بڑی کریں گے تو کوئی مسئلہ نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں