وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سے لیلیٰ ترین کی ملاقات، بلوچستان میں شاہراہوں کی بحالی پر گفتگو

اسلام آباد، کوئٹہ (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سردار اسرار خان ترین سے بی اے پی کے مرکزی رہنما ملک روح اللہ خان ترین، رکن صوبائی اسمبلی وپارلیمانی سیکرٹری برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن لیلیٰ ترین نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سردار اسرار ترین کو ملک روح اللہ ترین، لیلیٰ ترین نے ضلع ہرنائی میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات، ہرنائی کوئٹہ، ہرنائی پنجاب شاہراہ پر جاری تعمیراتی کام کی بندش سمیت ضلع ہرنائی کے اہم اور عوام کے اجتماعی مسائل سے تفصیل سے آگاہ کیا، وفاقی وزیر نے استدعا کی کہ ضلع ہرنائی کے بارش اور سیلاب متاثرین کی دوبارہ بحالی کےلئے این ڈی ایم اے کے ذریعے مدد کرنے اور مین شاہراہوں کی تعمیرات کی بندش کے حوالے سے وفاقی وزیر مواصلات اور این ایچ اے حکام سے اس سلسلے میں ملاقات کرکے شاہراہوں پر دوبارہ کام شروع کیا جائے کیونکہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تو ضلع ہرنائی کے دو مین شاہراہیں سیلابی ریلوں میں بہہ گئی ہیں اور سفر کے قابل ہی نہیں۔ وفاقی سردار اسرار ترین نے ملک روح اللہ خان ترین اور لیلیٰ ترین کو یقین دلایا کہ ضلع ہرنائی میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ عوام زمینداروں، مالداروں کی بحالی کےلئے وفاقی حکومت ہرممکن اقدامات کررہی ہے، ضلع ہرنائی کے متاثرین کی بحالی کےلئے وزیراعظم کی جانب سے احساس پروگرام کے ذریعے 25 ہزار روپے کی فراہمی کےلئے تمام خاندانوں کو شامل کرینگے، این ڈی ایم اے کے ذریعے متاثرین کےلئے جلد امدادی سامان بھی فراہم کرینگے، ہرنائی کی شاہراہوں پر سیکورٹی خدشات کی بنا پر کام کی بندش کے حوالے سے وزیراعظم، وزیر موصلات اور این ایچ اے حکام سے ملاقات کرکے اور تعمیراتی کمپنی کو فول پروف سیکورٹی کو یقینی بناکر دوبار تعمیراتی کام شروع کرینگے اور وفاقی محکموں میں خالی اسامیوں پر ضلع ہرنائی سمیت قومی اسمبلی کے حلقے میں شامل اضلاع اور بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرینگے اس کے علاہ علاقائی و سیاسی امورپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں