حکومت ، کسان اتحاد کے مذاکرات ناکام، پولیس اور ایف سی کے دستے احتجاج کے مقام پر پہنچ گئے

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں کسان اتحاد کے رہنماﺅں کے حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پولیس اور ایف سی کے تازہ دم دستے احتجاج کے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا کہ خیابان چوک میں احتجاج کے لیے موجود کسان اتحاد کے مظاہرین درختوں سے شاخیں توڑ کر لاٹھیاں بنا رہے ہیں اور پتھر بھی اکھٹے کیے ہیں۔ عورتوں اور بچوں سے گزارش ہے خیابان چوک کی طرف نہ جائیں، کسی کو بھی کاروبار زندگی میں خلل ڈالنے اور توڑ پھوڑ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔اسلام آباد پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پولیس کے تازہ دم دستے خیابان چوک پہنچ گئے۔ ایف سی کی بھاری نفری بھی خیابان چوک میں موجود ہے۔ قیدی لے جانے والی گاڑیاں اور ایمبو لینس بھی خیابان چوک پہنچا دی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی آپریشنز اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موقع پر موجود ہیں۔پولیس نے کہا ہے کہ مظاہرین کی قیادت چیئرمین خالد باٹھ اور جنرل سیکریٹری عمر امین کر رہے ہیں۔ اگر مظاہرین نے پیش قدمی کی کوشش کی تو انہیں منتشر کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں