جج کو دھمکی دینے کا کیس ،عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظوری کا تحریری حکم نامہ جاری

اسلام آباد(انتخاب نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظوری کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے حکم نامہ تحریر کیا، جس میں کہا گیا کہ 7 اکتوبر تک عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کی جاتی ہے، وہ 7 اکتوبر سے پہلے متعلقہ عدالت میں پیش ہوں۔عدالت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کو اس عدالت کا فیصلہ غیر موثر ہو جا ئے گا، عمران خان کی ذاتی حیثیت میں پیشی کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔عدالت عالیہ نے کہا کہ وکیل کے مطابق مجسٹریٹ نے بغیر نوٹس وارنٹ جاری کیے، وکیل کا موقف ہے کہ عمران خان کیس کی پیروی کے لیے تیار ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ وکیل کے مطابق اس کیس میں لگی تمام دفعات قابل ضمانت ہیں، وکیل کا کہنا ہے ان حالات میں پولیس عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتی ہے، وکیل نے کہا عمران کے گھر کو پولیس نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔عدالت کا یہ بھی کہنا ہے کہ وکیل کے مطابق یہی وجہ ہے کہ عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، ان کی ذاتی حیثیت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں