انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کا کام مکمل ، حتمی فہرستیں آج آویزاں ہونگی

اسلام آباد:الیکشن کمیشن انتخابی فہرستوں کی حتمی اشاعت آج کرے گا،الیکشن کمیشن نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 21 لاکھ 96 ہزار 122 ہو گئی ہے۔ ملک میں رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 64 لاکھ 6 ہزار 168 ہے جبکہ ملک میں رجسٹرڈ خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 57 لاکھ 89 ہزار 954 ہے،پنجاب میں 7 کروڑ 6 لاکھ 20 ہزار 25 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں اور سندھ میں 2 کروڑ 56 لاکھ 63 ہزار 939 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 2 کروڑ 8 لاکھ 21 ہزار 301 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں،الیکشن کمیشن بلوچستان میں 50 لاکھ 90 ہزار 857 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں اور اسلام آباد میں 9 لاکھ 84 ہزار 477 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں،الیکشن کمیشن کے مطابق 17 مئی 2022 کو ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 47 لاکھ 53 ہزار 345 تھی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیر انتظام انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے تمام مراحل کی تکمیل کے بعد پورے ملک کی طرح بلوچستان کے تمام اضلاع میں بھی "حتمی انتخابی فہرستیں”7اکتوبر سے شائع کردی جائیں گی ۔ یہ انتخابی فہرستیں سیکشن 27آف الیکشنز ایکٹ 2017کی روشنی میں گھر گھر تصدیقی عمل اور ڈسپلے سینٹرز کے مرحلوں کے بعد مرتب کی گئی ہیں۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017کی سیکشن 35کے تحت شائع ہونے ان انتخابی فہرستوں میں اب سیکشن 37کے تحت ووٹوں کے نئے اندراجات، تصحیح ، تبدیلی یا حذف کا عمل بھی شروع ہو جائے گا لہذا عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ اپنے ووٹ کو 8300پر چیک کریں اور اگر ان کے ووٹ کا اندراج، درستگی یا تبدیلی مطلوب ہے تو اپنے متعلقہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر(رجسٹریشن آفیسر )یا قریبی اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر کے دفتر سے متعلقہ فارم حاصل کر کے وہیں جمع کروا سکتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے بلوچستان بھر میں 34رجسٹریشن آفیسرز یعنی ضلعی الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں ون ونڈو سینٹرز جبکہ 261اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز کے دفاتر میں "سہولت مراکز”قائم کردیئے گئے ہیں جن کی تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pkپر دیکھی جا سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ ان انتخابی فہرستوں میں ناموں کے اندراجات، تصحیح، منتقلی یا حذف کرانے کا عمل الیکشن شیڈول آنے سے قبل تک جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں