خان صاحب کومنافقت کے طریقہ کار سے دور ہونا ہوگا،بلاول بھٹو

اسلام آباد (انتخاب نیوز)وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ماضی میں آڈیو لیکس کا سلسلہ تھا جو بند ہو گیا تھا، افسوس کی بات یہ ہے خان صاحب خود یہ سب واپس لے کے آئے ہیں، آڈیو لیکس اب ان کے خلاف ہو رہی ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ نامناسب بات ہے کہ سیاست ہو اور آڈیو لیکس کی سیاست ہو، خان صاحب اپنے دور حکومت میں سیاسی مخالفین کے خلاف یہ کرتے رہے، کبھی نیب چیئرمین کو قابو کرنے کے لیے کچھ لیک کر دیتے تھے، کبھی اپوزیشن کو بدنام کرنے کے لیے بغیر سیاق و سباق آڈیو لیک کرا دیتے تھے۔بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ آڈیو لیکس کی پہلے بھی مذمت کی اور اب بھی مذمت کرتا ہوں، خان صاحب کوسیاست میں اپنے منافقت کے طریقہ کار سے دور ہونا ہوگا، دوغلی پالیسی نہیں چلے گی۔انہوں نے کہا کہ خان صاحب کی سیاست بہت عجیب ہے، ایک تہائی ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے آپ لانگ مارچ کی کال دے رہے ہیں، خان صاحب کو پہلے بھی کہا، اب بھی کہوں گے پہلےانسان بنیں پھر سیاستدان، آگے جا کر ہم سیاست اور الیکشن بھی کرسکیں گے لیکن یہ طریقہ ٹھیک نہیں۔وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ ایک طرف وہ مطالبہ کرتے ہیں الیکشن جلد ہوں لیکن ضمنی انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، نظر آرہا ہے کہ وہ عوام کے ری ایکشن سے ڈر رہے ہیں، ان کو پتہ ہے ان کی مقبولیت عوام میں کمزور ہوتی جا رہی ہے، اس وقت ملک کو متحد ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں