پاک فوج میں اہم تقرریاں،وزیر اعظم کا سنیارٹی اور میرٹ پر مبنی فیصلہ ہے،اسحاق ڈار

اسلام آباد(آن لائن)وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک فوج کے دو اہم عہدوں پر تقرریاں وزیر اعظم کا سنیارٹی اور میرٹ پر مبنی فیصل ہے،تقرریاں 28 نومبر تک ہوجائیں گی، اگر صدر مملکت نے تقرری کے معاملے پر رکاوٹ ڈالی تو ہمارے پاس پلان بی بھی موجود ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ اور نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کیا۔اپنے ٹوئٹ میں وزیر خزانہ نے کہا وزیر اعظم شہبازشریف کی جانب سے جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف آرمی سٹاف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر کرنا قابل تعریف ہے۔ پاکستان اور نئے مقر رہونیوالوں پر اللہ کا کرم ہو۔پاکستان زندہ باد!۔دریں اثناء نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کا تقرر 27 نومبرسے پہلے ہوجائے گا جبکہ دونوں تقرریاں دو مختلف دن بھی ہو سکتی ہیں امید ہے کہ 28 نومبر تک سارا پراسس مکمل ہو جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر صدر مملکت نے آ رمی چیف کے تقرر کے معاملے میں رکاوٹ ڈالنیکی کوشش کی تو ہمارے پاس‘پلان بی’بھی موجود ہے۔لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی 27 نومبر کو ریٹائرمنٹ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اس کا حل بھی ہمارے پاس موجود ہے۔ملک کی معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں ہے جبکہ تمام ادائیگیاں بھی وقت پر ہوجائیں گی۔ تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کے لیے بالکل تیار ہیں لیکن یہ مذاکرات غیرو مشروط ہونے چاہئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں