استنبول میں او آئی سی اقتصادی تعاون تنظیم کا اجلاس، دنیا میں اقتصادی پیشرفت پر تبادلہ خیال

استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک)معیشت اور تجارت کے شعبوں میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا 38 واں وزارتی اجلاس ہفتہ کوترکی کے شہر استنبول میں شروع ہو گیا۔ او آئی سی کی کمیٹی برائے اقتصادی اور تجارتی تعاون (سی او ایم سی ای سی ) کے چار روزہ اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک اور انٹرا او آئی سی تجارت اور خصوصی طور پر دنیا میں ہونے والی اقتصادی پیش رفت کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اجلاس کے پہلے دو روز کے دوران او آئی سی کے رکن ممالک کے حکام اجلاس کے ایجنڈے اور قرارداد کے مسودے پر کام کریں گے، جس میں او آئی سی۔2025 کے ایکشن پروگرام پر عمل درآمد بھی شامل ہے۔ دنیا آہستہ آہستہ کووڈ۔19 کی وبا سے نکل رہی ہے۔ اجلاس کے دوران مسلم ممالک کی سماجی و اقتصادی بااختیاریت پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا جس میں نجی شعبہ کے کردار کے فروغ اور تنظیم کے اراکین کے درمیان مالی تعاون کی وسعت پر بھی توجہ کی توقع ہے۔چار روزہ اجلاس کے دوران ٹرانسپورٹ، مواصلات میں بہتری، پائیدار اور مسابقتی سیاحت کے شعبوں کی ترقی، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے زرعی پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور ڈیجیٹل تبدیلی پر تعاون سمیت دیگر امور پر بھی غور کیا جائے گا۔ ترکی کے نائب صدر فوات اوکتے کے علاوہ او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائ کی بھی اجلاس میں شرکت متوقع ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں