پنجاب کی جامعات میں بلوچستان کے طلبہ کو سلیکشن لسٹوں سے نکالنا میرٹ کی پامالی ہے، بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل لاہور

لاہور(انتخاب نیوز) جی سی یونیورسٹی (لاہور) اور پنجاپ یونیورسٹی کے بلوچستان کے مختص نشستوں پر ڈائریکٹریٹ کی جانب سے میرٹ کی پامالی عروج پر۔ بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل (لاہور) کے ترجمان کا کہنا ہے! گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں ڈائریکٹوریٹ بلوچستان کے تحت ہونے والے طلبہ کی سلیکشن میں بے ضابطگیوں کا پایا جانا، بلاجواز کچھ طلبہ کو لسٹ سے نکال دینا اور رابطہ کے معاملے میں مثبت جواب نہ دینا ایک قابل مذمت اور حل طلب عمل ہے۔ ترجمان نے اپنے حالیہ بیان میں ڈائریکٹوریٹ کے تحت ہونے والے طلباء و طالبات کی سلیکشن کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ناقابل برداشت عمل ہے۔ نہ صرف جی سی یونیورسٹی (لاہور) اور پنجاپ یونیورسٹی، بلکہ توقع ہے کہ صوبہ پنجاب کے دیگر تعلیمی اداروں کی لسٹوں میں بھی یہ غیر ضابطگی پائی جاتی ہے۔ سفارش کی بنیاد پر لسٹ سے قابل اسٹوڈنٹس کا نام ہٹا کر من پسند اسٹوڈنٹس کے نام شامل کردیئے گئے ہیں۔ یہ قابل اسٹوڈنٹس کے حق پر ایک دھاوا ہے، ترجمان نے مزید فرمایا کہ جب ڈائریکٹوریٹ میں رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے مسلسل نظر انداز کیا اور کچھ اسٹوڈنٹس کے نام اس جواز کی بنا پر لسٹ سے نکال دیئے کہ وہ بر وقت ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ جڑ نہ پائے حالانکہ بلوچستان کے متعلق تمام طبقہ فکر کو معلوم ہے کہ وہاں پر انٹرنیٹ یا نیٹ ورک کی سہولت مشکل سے میسر ہوتی ہے۔ ترجمان نے مزید لائحہ عمل کو واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر ڈائریکٹوریٹ بلوچستان اس معاملے میں کوئی پیشرفت نہیں کرتی تو اگلے کچھ دنوں کے اندر احتجاجی سلسلے شروع کیے جائیں گے اور ہم ہمیشہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں