محمد علی جناح کی تصویر اور پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کے ملزمان کیلئے سزا تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کر دی گئی

اسلام آباد:سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ میں کسی بھی شخص کے خلاف ایک وقوعہ کے حوالے سے ایک سے زائد مقدمات کے اندراج پر پابندی کے لیے قانون سازی پر اتفاق رائے ہو گیا۔ یہ تجویز سابقہ وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے دی گئی۔ جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد نے کمیٹی کو بتایا ہے کہ اسلام آباد میں چھ سو سے زائد آوارہ کتوں کو پکڑ کر بحالی مرکز میں منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں خوراک اور علاج بھی کیا جا رہا ہے۔ کمیٹی میں وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر منی لانڈرنگ کے الزامات کے عدالتی معاملے کو ایجنڈے پر لانے پر پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کے درمیان جھڑپ، تلخ کلامی، محرکین کا کہنا تھا کہ حکومتیں بے بنیاد مقدمات بناتی ہیں پھر شواہد نہ ہونے کے جواز تراشے جاتے ہیں۔ اداروں کو مقدمات کے اندراج کے لیے حکومتوں کی طرف دیکھنے کی بجائے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا چاہیے۔ سابقہ حکومت نے 25 مارچ کے لانگ مارچ کے حوالے سے درجنوں مقدمات بنائے اور اسی پولیس نے پنجاب کے موجودہ حکومت کے دور میں انہیں واپس لے لیا۔ کمیٹی نے اسلام آباد کتوں کے پکڑ دھکڑ سمیت دیگر معاملات پر تین بلز کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا جبکہ بانی پاکستان محمد علی جناح کی تصویر اور پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کے ملزمان کے لیے سزا تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کر دی گئی۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو چیئرمین محسن عزیز کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ کمیٹی نے وزارت داخلہ کے حکام پر بروقت ورکنگ پیپرز مہیا نہ کرنے پر اظہار برہمی کیا اور کمیٹی کے چیئرمین نے انتباہ کیا کہ آئندہ ایسا ہوا تو یہ معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھیج دیا جائے گا۔ موجودہ حکومت کے آنے کے بعد سے وزارت داخلہ کی جانب سے کمیٹی سے عدم تعاون کیا جا رہا ہے۔ وزارت داخلہ کے حکام نے کمیٹی سے معذرت کی اور آئندہ دستاویزات بروقت فراہم کرنے کی یقین دھانی کرائی۔ محسن عزیز نے کہا کہ وزارت داخلہ سے ورکنگ پیپرز پیدل چلتے ہیں اور کمیٹی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس پہنچتے ہیں۔ سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ہمارے بولنے کا کوئی اثر نہیں ہو گا ہم چیخ و پکار کے بعد بیٹھ جاتے ہیں۔ کمیٹی اپنے اختیار کو استعمال کرے۔ اجلاس میں وزارت قانون کے نمائندے کی جانب سے بچوں سے متعلق الیکٹرانک کرائم کے بل پر تیاری نہ کرنے پر جھاڑ پلا دی گئی اور نمائندے کو چپ کروا دیا گیا۔ بل کی محرک سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ جب پڑھ کر نہیں آئے تو چپ کر کے بیٹھ جاو۔ وزیر مملکت قانون و انصاف شہادت اعوان نے بتایا کہ حکومت نے مجموعی طور پر انسداد برقی جرائم کے ایکٹ پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے اس بل کا بھی متعلقہ کمیٹی جائزہ لے گی۔ اجلاس کی کارروائی کے دوران سینیٹر ولید اقبال کے ضابطہ فوجداری میں ترمیم کا بل منظور کر لیا گیا۔ اسی طرح سینیٹر پیر صابر شاہ کے بانی پاکستان کی تصاویر اور قومی پرچم کے تقدس سے متعلق بل کو بھی منظور کر لیا گیا بانی پاکستان کی تصویر بے حرمتی کرنے نظر آتش کرنے پر زیادہ سے زیادہ پانچ سال سزا اور تیس ہزار جرمانہ کیا جا سکے گا۔ اسی سزا کا تعین قومی پرچم کی بے حرمتی کے حوالے سے کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی نے روڈ سیفٹی ایکٹ میں ترمیم کے بل کو موخر کرتے ہوئے وزارت داخلہ سے اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ حکام کا کہنا تھا کہ یہ اختیار نجی کمپنیوں کو دیا گیا تو وہ گاڑیوں کے فٹنس کے سرٹیفیکیٹ کے حوالے سے عوام کو بلیک میل کریں گے انہیں لوٹیں گے اپنی مرضی کی فیسیں وصول کریں گے یہ اختیار حکومت کے پاس ہونا چاہیے اور اتھارٹی قائم ہونی چاہیے۔ ورنہ کمپنیاں شہریوں کا خون چوسیں گی۔ ریاست یہ کام نفع نقصان کی بنیاد پر نہ کرے۔ جعلی فٹنس سرٹیفیکٹس جاری کر دئیے جاتے ہیں۔ کمیٹی نے کارخانوں کو ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کا پابند بنانے کا بل منظور کر لیا اسی طرح سینیٹر رانا مقبول کی طرف سے پیش کردہ آوارہ کتوں کی پکڑ دھکڑ سے متعلق بل کو بھی منظور کر لیا گیا۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ آوارہ کتوں کو ہلاک نہیں کر سکتے۔ اس حوالے سے عدالتوں کے فیصلے اور بین الاقوامی این جی اوز کے جانوروں کے تحفظ سے متعلق کنونشنز بھی ہیں ہم نے اسلام آباد سے سوا چھ سو آوارہ کتوں کو پکڑ کر بحالی مرکز منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج کیا جاتا ہے ابنہیں خوراک دی جاتی ہے۔ انہوں ن ارکان کو اس مرکز کے دورے کی دعوت دے دی۔ کمیٹی نے مقبول ارشد شریف سے متعلق معاملے کو ایف آئی اے کی تحقیقات مکمل ہونے تک موخر کر دیا اسی طرح سینیٹر اعظم سواتی کی حالیہ گرفتاری کو بھی عدالتی معاملہ ہونے پر فی الحال موخر کر دیا گیا۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور رانا مقبول نے وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے متعلق منی لانڈرنگ کے معاملے کو کمیٹی کے ایجنڈے پر لانے پر سخت احتجاج کیا یہ معاملہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی طرف سے اٹھایا گیا تھا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ایف آئی اے نے ایک کیس بنایا پھر شواہد جمع نہ کئے کلوز کر دیا ایسے مقدمات بنتے کیوں ہیں جن کے شواہد نہ ہوں اور اگر کسی حکومت میں بد نیتی پر مبنی یہ مقدمات بنے ہیں تو ذمہ داران کو جوابدہ بنایا جائے۔ میں اسی لیے یہ معاملہ کمیٹی میں لایا ہوں۔ چند ماہ قبل پنجاب پولیس نے ہمارے کارکنوں کے حلاف درجنوں مقدمات بنائے رجیم تبدیل ہوئی تو وہی پولیس ان مقدمات سے دستبردار ہوگئیں کیا ریاستیں اس طرح چلتی ہیں۔ اعظم نذیر تارڑکا موقف تھا کہ منی لانڈرنگ کا کیس عدالت عظمی میں زیر التوا ہے کمیٹی کو سیاسی ایجنڈے کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ رانا مقبول نے کہا کہ انہیں اگر شوق ہے تو یہ جا کر فریق بن جائیں۔ اس پر دونوں جماعتوں کے ارکان الجھ پڑے تلخ کلامی ہو گئی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ غنڈہ گردی برداشت نہیں کر سکتے ہمیں موقف پیش کرنے دیں اب تک ایک ہی معاملے میں اعظم سواتی کے خلاف 51 مقدمات درج ہونے کی اطلاعات آ رہی ہیں۔ اعظم تذیر تارڑ نے کہا کہ ان سے متفق ہوں کہ ایک وقوعہ کے حوالے سے ایک سے زائد ایف آئی آر کا اندراج نہیں ہونا چاہیے۔ یہ معاملہ میں عدالت لے کر گیا تھا میر شکیل الرحمان کے خلاف ایک ہی معاملہ میں 82 مقدمات درج ہو گئے تھے ان کی عدالت سے درخواست تھی کہ سب کو یکجا کر کے ایک ہی مقدمہ سنا جائے۔ سابق وزیر قانون نے کہا کہ جس پر الزام لگ جائے وہ اس جیسے الزام میں ملک میں کہاں کہاں پیش ہو۔ قانون سازی ہونی چاہیے ایک وقوعہ میں ایک مقدمہ درج ہو اور اگر زائد مقدمات درج ہو جائیں تو دیگر عدالتیں ایک عدالت میں زیر سماعت مقدمے کے فیصلے کا انتظار کریں اور کارروائی روک دیں۔ ارکان نے اس قسم کی قانون سازی سے اتفاق کیا ہے جبکہ چیئرمین کمیٹی نے ایم این اے صالح محمد کی انسداد دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتاری کے بعد الزام کی تختی گلے میں ڈالنے کو پارلیمنٹ کی توہین قرار دیا کمیٹی نے اتفاق رائے سے آئی جی پولیس اسلام آباد کو ملزمان کے گلے میں تختی لٹکانے کے ضابطہ کار کو ختم کرنے کی ہدایت کر دی اسے آئین کی شق 9 کے منافی قرار دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں