الیکشن کمیشن کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اگلے سال اپریل میں کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اگلے سال اپریل میں کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کو نئی حلقہ بندیوں سے متعلق تمام مواد الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا اجلا س میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکرٹری پنجا ب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کے علاوہ الیکشن کمیشن اور حکومت پنجاب کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی معیاد یکم جنوری 2022کو ختم ہوچکی ہے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے دو دفعہ حلقہ بندیوں کا کام کرنا پڑا کیونکہ دو دفعہ بلدیاتی قوانین کو تبدیل کر دیا گیا اب صوبائی حکومت پنجاب نے "پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ” 16 نومبر 2022 کو نوٹیفائی کیا ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن تیسری دفعہ حلقہ بندیوں کے کام کا آغاز کرنے جارہا ہے اس کیلئے بھی ابھی تک پنجاب حکومت نے” پنجاب لوکل گورنمنٹ حلقہ بندی رولز” اور ” پنجاب لوکل گورنمنٹ کنڈکٹ آف الیکشن رولز” نوٹیفائی نہیں کیے انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب آئین، قانون اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بروقت الیکشن کروانے کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کی پابند ہے لہذا صوبائی حکومت کو پابند کیا جائے کہ فوری طورپر لوکل گورنمنٹ کنڈکٹ آف الیکشن رولز وحلقہ بندی رولز ودیگر نقشہ جات و ڈیٹا الیکشن کمیشن کو مہیا کرے تاکہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیو ں کے کام کا آغا زجلد از جلد کرایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں