بارود سے بھرا رکشہ کوئٹہ کیسے پہنچا‘ جمعیت

کوئٹہ :جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی بیان میں کوئٹہ بلیلی میں پولیس پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت امن وامان کی صورتحال کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے پولیس اہلکاروں پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں صوبائی بیان میں کہا کہ بلوچستان اور پختونخوا میں پولیس اور عوام کو نشانہ بنانا خطرناک حالات کی عکاسی کررہا ہے۔ پرسوں دہشتگردوں نے حملوں کا اعلان کیا، آج پولیس اور عوام کو نشانہ بنایا گیا۔ آخر کب تک اس جنگ میں معصوم جانیں قربان ہوتی رہیں گی، اس جنگ کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ آج بھی کہتے ہیں کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے تو دہشتگردی ختم ہوسکتی ہے۔بیان میں کہا کہ سوالات اٹھیں گے کہ اگر سیکیورٹی تھریٹ تھا تو بارود سے بھرا رکشہ کوئٹہ کیسے پہنچا؟ خودکش حملہ آور کہاں سے پہنچا اور کس نے پہنچایا؟ کیا عوام کے تحفظ کیلئے کوئی اقدامات اٹھائے گئے تھے؟۔ ان سوالات کے جوابات نہیں دیے گئے تو معصوم جانوں کا ضیاع اسی طرح جاری رہے گا۔اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند کریں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں