آغاز حقوق بلوچستان کے تحت سیندک منصوبے کے منافع سے رقم بلوچستان کو دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) سیندک میٹل لمیٹڈ (ایس ایم ایل) بورڈ کی فنانس کمیٹی کے گزشتہ روز منعقد ہونے والے اجلاس میں آغاز حقوق بلوچستان کے تحت بلوچستان کے حصہ کی ادائیگی کے حوالے سے ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے بلوچستان کے وسائل کے تحفظ اور انکے ثمرات بلوچستان کے عوام تک پہنچانے کے اصولی موقف کی تائید کرتے ہوئے اتفاق کیا گیا کہ اس مد میں رقم جلد حکومت بلوچستان کو منتقل کردی جائے گی۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے سیندک منصوبے کے منافع سے بلوچستان کے شئیر کے 2.597 بلین روپے جاری کر دیے جائیں گے، بحیثیت ممبر بورڈ صوبائی سیکرٹری توانائی بشیر خان بازئی نے کمیٹی سے بلوچستان میں مالی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکولیشن کے ذریعے بورڈ ممبران سے منظوری لینے کی درخواست کی تھی سرکولیشن کے ذریعے منظوری کے بعد مذکورہ رقم جو کہ 2.597 بلین روپے بنتی ہے، آئندہ ہفتے تک حکومت بلوچستان کو جاری کردی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں