نیب نے کے پی کے ہیلی کاپٹرز استعمال کرنیوالوں سے 9 کروڑکی ریکوری کیلئے خط لکھ دیا

اسلام آباد :قومی احتساب بیورو (نیب) نے خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹرز سے متعلق تحقیقات مکمل کر کے صوبائی محکمہ انتظامیہ کو ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے والوں سے 9 کروڑ روپے وصول کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق 2008 سے اب تک ہیلی کاپٹرز میں تقریبا 2 ہزار افراد نے سفر کیا، ہیلی کاپٹرز میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، سابق و موجودہ صوبائی و وفاقی وزرا ارکان صوبائی و قومی اسمبلی اور سیاسی جماعتوں کیعہدیداروں نے سفر کیا۔ سابق و موجودہ چیف سیکرٹریز، سیکرٹریز اوردیگرسرکاری ملازمین نے بھی ہیلی کاپٹرز استعمال کیا۔دوسری جانب ہیلی کاپٹرز سے متعلق ترمیمی بل کی منظوری صوبائی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے جس کی منظوری کے بعد 2008 سے اب تک سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال قانونی اور درست تصور ہوگا۔ادھر وزیر محنت خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ سرکاری ہیلی کاپٹرز سرکاری کاموں کیلئے استعمال ہوئے ہیں، ماضی میں یا اب کسی بھی وزیر یا افسر نے ہیلی کاپٹرز ذاتی کاموں کیلئے استعمال نہیں کیے۔انہوں نے کہا کہ نیب خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹرز کے پیچھے پڑا ہوا ہے جبکہ شریف فیملی اور زرداری خاندان کی کرپشن کے خلاف کچھ نہیں کر رہا ہے، ہیلی کاپٹرز سے متعلق قانون میں ترامیم عوام کی بہتری کیلئے کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں