ڈاکٹر سیف الرحمن کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر تعینات، مرتضیٰ وہاب نے استعفا دیدیا

کراچی (انتخاب نیوز) حکومت سندھ نے پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے اعلیٰ سرکاری افسر ڈاکٹر سیف الرحمن کو کراچی کا نیا ایڈمنسٹریٹر تعینات کردیا۔ حکومت سندھ کے محکمہ بلدیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’سندھ بلدیاتی حکومت ایکٹ 2013ء کی دفعہ 12(3) کے تحت متعلقہ اتھارٹی کی توثیق اور مرتضیٰ وہاب کے استعفے کی منظوری پر گریڈ20 کے افسر ڈاکٹر سید سیف الرحمن کو کراچی میٹرو پولیٹین کارپوریشن (کے ایم سی) کا ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا گیا ہے‘۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر سیف الرحمن اس وقت بلدیاتی حکومت اور محکمہ ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ میں تعینات ہیں۔ حکومت سندھ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا تھا کہ کراچی کا اگلا ایڈمنسٹریٹر متحدہ قومی مومنٹ (پاکستان) سے مشاورت کے بعد ہی تعینات کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کے خدشات کی بنیاد پر صوبائی لوکل گورنمنٹ کے قانون میں ترمیم اس بات کو یقینی بنائے گی کہ صوبے کے منتخب میئر اور میونسپل ایجنسیوں کے چیئرمین کو اپنے علاقے کے شہری معاملات سنبھالنے کے لیے اختیارات حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’مرتضیٰ وہاب کی جگہ کراچی کا نیا ایڈمنسٹریٹر منتخب کرنے کے لیے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے یقینی طور پر مشاورت کی جائے گی۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ کراچی کے اگلے میئر یا ایڈمنسٹریٹر کا عہدہ جس کے پاس بھی ہوگا اسے شہر کے لوگوں کے لیے کام کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں