وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر گیارہ منسوخ شدہ پٹرولیم ایکسپلوریشن لائسنسز کی بحالی کی منظوری دیدی

اسلام آباد :وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر گیارہ منسوخ شدہ پٹرولیم ایکسپلوریشن لائسنسز کی بحالی کی منظوری دیدی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے تمام کابینہ ممبران کو خوش آمدید کہا۔ وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر گیارہ منسوخ شدہ پٹرولیم ایکسپلوریشن لائسنسز کی بحالی کی منظوری دیدی اس اقدام کے نتیجے میں ان گیارہ (11)بلاکس میں ایکسپلوریشن سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزارت منصوبہ بندی کی طرف سے پاکستان میں 2022 کے سیلاب کے تناظر میں Post Disaster Needs Assessment (PDNA) کی رپورٹ پیش کی گئی۔ پی ڈی این اے وفاقی وزارتِ منصوبہ بندی نے ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، یورپی یونین، اقوام ِ متحدہ، تمام صوبائی حکومتوں، حکومت گلگت بلتستان، حکومت آزاد جموں وکشمیر، سول سوسائٹی، ایکڈیمیہ اور این جی اوز کے ساتھ مل کر ترتیب دیا۔ اس ایسیسمنٹ کے تحت 94 اضلاع میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات خصوصاً معیشت کے سترہ بڑے شعبوں بشمول صحت، زراعت، صنعت، انفر اسٹرکچر، مواصلات وغیرہ کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تخمینہ پر بحث کی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رپورٹ کے مطابق سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان صوبہ سندھ کو پہنچا اور سیلاب سے پورے ملک میں زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ڈی این اے کی مدد سے درمیانی مدت سے طویل مدت منصوبہ بندی کرنے میں معاونت ملے گی تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی ازسرِنو تعمیر کی جاسکے جو کہ موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ پی ڈی این اے کے تناظر میں Resilient, Recovery Renovation and Rehablitation Planترتیب دیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ وفاقی وزارتوں / ڈویڑنز اور تمام صوبائی حکومتوں سے مشاورت کی جارہی ہے۔وزیراعظم نے پی ڈی این اے کو ترتیب دینے پر وفاقی وزارتِ منصوبہ بندی کی کارکردگی کو سراہا اور Resilient, Recovery Renovation and Rehablitation Planکو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ اس حوالے سے تمام صوبوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی رائے ضرور لی جائے۔وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتِ تجارت کی سفارش پر پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی۔ اس معاہدہ پر تاجکستان کے صدر کے متوقع دورہ پاکستان کے دوران دستخط ہونے کا امکان ہے۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کے 29-11-2022 اور 02-12-2022 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے کیبنٹ کمیٹی برائے ڈسپوزل آف لیجسلیٹو کیسز Cabinet Committee for the disposal of Legislative Cases(CCLC) کے01-12-2022کو منعقد ہونے والے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں