ہماری سیاست کامحور عوام کی خدمت ہے،میرظفر زہری

سوراب:بلوچستان نیشنل پارٹی(عوامی) کے مرکزی رہنما سابق صوبائی وزیرداخلہ میرظفراللہ خان زہری نے کہاہے ہماری سیاست کامحور عوام کی خدمت ہے،دعوے نہیں عملی اقداما ت پریقین رکھتے ہیں،اقتدارمیں ہویااقتدارسے باہراپنی عوام کوتنہانہیں چھوڑسکتے ماضی گواہ ہے کہ جب بھی ہمیں موقع ملاتوحلقے کے لوگوں کی ترقی وخوشحالی میں کوئی کسرباقی نہیں چھوڑی،خدمت کایہ سلسلہ ان شا اللہ مستقبل میں بھی جاری وساری رہے گا،سوراب کی عوام سے ہمارامضبوط تعلق سیاست کے بنیادپرنہیں بلکہ باہمی محبت پرمبنی ہے جسے کسی صورت کمزورنہیں کیاجاسکتا،یہاں کے لوگ باشعوراور کارکردگی کے قدردان ہیں،ان کی محبت کوفراموش نہیں کرسکتے آج بھی علاقے کے مسائل سے لمحہ بہ لمحہ آگاہی اوران کے حل کے لئے ہرممکن کوشش کررہے ہیں،ان خیالات کااظہارانہوں نے سوراب کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،سابق صوبائی وزیرداخلہ میرظفراللہ خان زہری کاکہناتھاکہ زمانہ کے تقاضے بدل جانے کے بعد اب سیاست کے اقداربھی یکسرمختلف ہیں لوگ اب باشعورہوچکے ہیں وہ محض دعووں کے بجائے اپنے اوراپنی نئی نسلوں کی ترقی وخوشحالی چاہتے ہیں انہیں عملی کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے،بی این پی عوامی کویہ اعزازحاصل ہے کہ اس کے منتخب عوامی نمائندوں نے فرسودہ طریقوں پرعوام کوبے قوف بنانے کے بجائے ان کی معیارزندگی بدلنے کی سیاست کی ہے،ہم نے اپنے دوراقتدارمیں انفرادی مفادت پرتوجہ دینے کے بجائے اجتماعی ترقی کاعملی نمونہ پیش کیاجس کااعتراف آج حلقے کے تمام طبقات کررہے ہیں،لوگوں کوبلاامتیاز روزگار مہیاکرکے ان کے خاندانوں کی معاشی حالت بدلنے کاجوسلسلہ شروع کیااس کی اب نظیربھی ملنا بھی شایدناممکن ہو،پورے حلقے میں آبنوشی مواصلات تعلیم اورصحت کے منصوبوں کاجال بچھادیایہی وجہ ہے کہ سوراب کے لوگ آج بھی بی این پی عوامی کے دورکویادکرکے مجھے اورمیرے پارٹی قائدین کودعائیں دے رہے ہیں،انہوں نے کہاکہ ہم اپنی عوام کوتنہانہیں چھوڑسکتے ان کی فلاح وبہبودکے لئے اب بھی میدان میں موجود اور ایک نئے عزم کے ساتھ اپنے مستقبل کی حکمت عملی پرعمل پیراہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں