بلوچستان میں بارڈر ٹریڈ، درآمدی و برآمدی شعبے میں حائل مشکلات دور کی جائے، نیشنل پارٹی

اسلام آباد، کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں و سینیٹرز محمد طاہر بزنجو اور سینیٹرکہدہ محمد اکرم نے کہا ہے کہ بلوچستان کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے ایوان بالا سمیت ہر فورم پر آواز بلند کریں گے، صنعت و تجارت، زراعت، گلہ بانی اور کان کنی جیسے شعبے توجہ کے طلب گار ہیں اس سلسلے میں نیشنل پارٹی بھرپور کردار ادا کرے گی، بلوچستان میں گندم کی قلت و دیگر سے متعلق آگاہ ہیں اس بابت حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے نائب صدر سید عبدالاحد آغا اور سابق صدر فدا حسین دشتی سے اسلام آباد پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید عبدالاحد آغا اور فدا حسین دشتی نے بلوچستان میں بارڈر ٹریڈ اور درآمدی و برآمدی شعبے سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے تعاون سے تفتان بازارچہ بزنس ٹرمینل کا کام ریکارڈ مدت میں مکمل کرلیا گیاہے جو تمام تر سہولیات سے مزین ہے لیکن مذکورہ ٹرمینل کی عدم فعالی کی وجہ سے امپورٹ اور ایکسپورٹ کے شعبوں سے وابستہ افراد و ٹرانسپورٹر مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے ایران کے ساتھ حال ہی میں طے پانے والے 39نکاتی تجارتی یاداشت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیااور سینیٹرز پر زور دیا کہ وہ بلوچستان کی صنعت و تجارت اور دیگر پیداواری شعبوں سے وابستہ افراد کے لئے بھر پور انداز میں آواز بلندکریں تاکہ صوبے میں پائی جانے والی معاشی بدحالی کے خاتمے کے لئے اقدامات اٹھائے جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک بارڈر اور بارٹر ٹریڈ سے وابستہ افراد کے لئے مزید آسانیاں پیدا نہیں کی جاتیں بلوچستان میں قانونی تجارت کو فروغ نہیں ملے گا۔ انہوں نے صوبے میں گندم اور آٹا بحران کی جانب سینیٹر کی توجہ مبذول کراتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے بات کرے تاکہ صوبے میں پائے جانے والے گندم اور آٹے بحران کا خاتمہ کیا جاسکے۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و سینیٹر محمد طاہر بزنجو اور سینیٹر محمد اکرم کہدہ نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے نائب صدر سید عبدالاحد آغا اور سابق صدر فدا حسین دشتی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ بلوچستان کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے ایوان بالا سمیت ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبے میں صنعت و تجارت، زراعت، گلہ بانی اور کان کنی جیسے پیداواری شعبہ جات کو ترقی دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں، اس سلسلے میں وہ ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں گندم اور آٹا بحران سے متعلق وہ آگاہ ہیں اس سلسلے میں وہ مرکزی حکومت کے حکام سے بات کریں گے اور ان کی کوشش ہوگی کہ بلوچستان کو وافر مقدار میں گندم کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔انہوں نے بازارچہ ٹرمینل کی بحالی اور بارڈر و بارٹر ٹریڈ کی ترقی کے لئے بھی صوبے کے صنعت و تجارت افراد سے وابستہ افراد کا ہر ممکن ساتھ دینے کا اعادہ کیا اور کہا کہ نیشنل پارٹی اس سلسلے میں بھر پورکردار اد اکرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں