کورونا وباء کے بعدٹڈی دل کے حملے، وفاق کی کوئی پلاننگ نظر نہیں آ رہی، آصف زرداری

اسلام آباد:سابق صدر آصف زرداری سے نیر بخاری نے ٹیلیفونک رابطہ کر کے صحت سے متعلق دریافت کیا۔ بدھ کو آصف زرداری اور نیر بخاری کے درمیان ملک کی موجودہ صورتحال سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ سابق صدر نے کہاکہ اب پہلے سے طبیعت کافی بہتر ہے، صحتیابی سے متعلق پارٹی رہنماؤں، کارکنوں سمیت پوری قوم کا شکرگذار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ شدید مہنگائی کے باعث عوام موجودہ حکومت سے تنگ آ چکی ہے، عوام اس موجودہ حکومت سے نجات چاہتی ہے۔ آصف زرداری نے کہاکہ کورونا وباء کے دوران وفاق کی کوئی حکمت عملی نظر نہیں آئی،ٹڈی دل نے فصلوں کو تباہ کردیا ہے لیکن وفاق کی کوئی پلاننگ نظر نہیں آ رہی۔ سابق صدر نے کہاکہ پہلے دن سے ٹڈی دل کی تباہی سے متعلق خدشات کا اظہار کرتا رہا ہوں، ٹڈی دل نے پورے ملک کو لپیٹ میں لیکر فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔آصف زرداری نے کہاکہ ٹڈی دل جیسے حساس مسئلے کو نظرانداز کرنا قابل مذمت عمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں