غیر قانونی آپریشن میں ملوث پولیس افسران پر پرچے درج کرارہے ہیں، فوادچودھری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ وہ پولیس آفیسرز جنہوں نے کل غیر قانونی آپریشن کیا اور تشدد میں ملوث ہوئے ان پر پر چے درج کرارہے ہیں۔اتوار کو تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ آج قانونی ٹیم کی میٹنگ بلائی ہے، جس طرح لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو ہوا میں اڑاکر عمران خان کی رہائش گاہ میں پولیس داخل ہوئی اور چادر اور چاردیواری کے ہر اصول کو پامال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چوری کی گئی ، جوس کے ڈبے تک اٹھا کر لے گئے اور معصوم لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور جو کچھ اسلام آباد میں ہوا، یہ تمام واقعات پاکستان میں جاری آئینی بحران کا شاخسانہ ہیں۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کو ہوا میں اڑانا ناقابل معافی ہے ، ہائی کورٹ اپنے فیصلوں کا پہرہ دیں۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے زمان پارک میں گھر پر چھاپے اور عملے پر تشدد کے معاملے پر عدالت جانے کا بھی اعلان کیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں