پاکستان جلاﺅ، گھیراﺅ کا متحمل نہیں ہوسکتا، ناراض رہنماﺅں کو مناﺅں گا، چودھری شجاعت

اسلام آباد (انتخاب نیوز) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پچاس سالہ سیاسی سفر میں کبھی ملک کے اتنے پیچیدہ حالات نہیں دیکھے، حکومت نیشنل ڈائیلاگ شروع کرے، ناراض رہنماﺅں کو خود جاکر مناﺅں گا۔ اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی و صوبائی جنرل کونسل کے مشترکہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سیاسی سفر کے 50 سال ہوگئے، اتنے پیچیدہ حالات کبھی نہیں دیکھے۔ سیاستدان جلتی آگ پر پانی ڈالیں، ملک جلاﺅ، گھیراﺅ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ ہنگاموں، دھرنوں سے قوم پریشان اور ڈپریشن کا شکار ہوگئی ہے جبکہ لوگوں میں ایسے حالات کی وجہ سے مایوسی بھی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نیشنل ڈائیلاگ شروع کرے، ناراض قومی رہنماﺅں کے پاس جانے اور انہیں منانے کیلیے تیار ہوں، مسائل کا حل سیاست دانوں کے پاس ہے، تمام قوتیں مل بیٹھ کر پاکستان کا سوچیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں