حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی منتیں کسی کام نہیں آ رہیں، پرویز الٰہی

لاہور:سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی سے سابق صوبائی وزراءراجہ محمد بشارت اور میاں محمود الرشید نے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ملک معاشی ترقی کر رہا تھا، شہباز شریف اینڈ کمپنی نے ترقی کا سفر روک دیا، نا اہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عالمی دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، تمام پابندیوں کے باوجود عمران خان کی مقبولیت عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کا دعوی کرنے والوں نے آج تک کچھ نہیں کیا، آئی ایم ایف کے ترلے منتیں بھی کسی کام نہیں آ رہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلا رمضان ہے جس میں عوام کو سحر اور افطار کے لالے پڑے ہوئے ہیں، مفت آٹے کے حصول کیلئے قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں لیکن حکمران لیپ ٹاپ تقسیم کرنے میں مصروف ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو الیکشن مہم سے روکنے کیلئے کارکنوں اور رہنماﺅں کی گرفتاریاں کی جا رہی ہیں، رانا ثنا اللہ اور مریم نواز عدلیہ اور ججز کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، نا اہل حکمران جو مرضی کر لیں عوام انہیں الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے، حالات کیسے بھی ہوں کرپٹ مافیا کے خلاف باہر نکلنا ہو گا، آئینی اور سیاسی حقوق کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں