اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پرسوں آنے والے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی ۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مین مرکز افغانستان تھا اور اسکی زیر زمین گہرائی 90 کلو میٹر تھی۔واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 160 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔اس کے علاوہ پشاور، لاہور، کوہاٹ، صوابی، بہاول پور، لودھراں، ڈی جی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار اور کرک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔