وومن یونیورسٹی کی طالبات کو صحتمند تعلیمی ماحول فراہم کرنے کیلئے جراتمندانہ فیصلے کرنا ہوں گے، عبدالولی کاکڑ

کوئٹہ :گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ وویمن یونیورسٹی میں زیر تعلیم طالبات کے مسقبل کو محفوظ بنانے اور انھیں ایک صحتمند تعلیمی ماحول فراہم کرنے کیلئے ہمیں جرآتمندانہ فیصلے کرنے ہوں گے۔ انہوں نے وویمن یونیورسٹی کے تمام ٹیچنگ اسٹاف اور انتظامی ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ ذاتی پسند ناپسند سے بالاتر رہتے ہوئے اس اعلیٰ تعلیمی ادارہ اور طالبات کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں. انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا کہ وویمن یونیورسٹی سے ہماری آنے والی نسلوں کی زندگیاں بھی وابستہ ہیں لہٰذا ہم کسی صورت اس پر کوئی آنچ آنے نہیں دیں گے. یہ بات انھوں نے جمعرات کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں وائس چانسلر سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ساجدہ نورین کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبہ میں آئین اور قانون کی پاسداری کر کے ہی ہم مثبت نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ تمام تعلیمی امور و معاملات میں لائحہ عمل کو اسطرح طے کیا جائے تاکہ اسٹوڈنٹس کا قیمتی وقت، پیسہ اور توانائی کا ضیاع نہ ہو۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ ذاتی رویوں میں مثبت تبدیلی لانے اور اپنے آپ میں سب کو ساتھ لے جانے کا جذبہ پیدا کرنے سے بھی ہم کئی مسائل پر بآسانی قابو پا سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں