عمران نے جنرل باجوہ کو توسیع کی آفر کی تھی، پاکستان میں عام انتخابات اکتوبر میں ہوں گے، خواجہ آصف

اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے صدرِ مملکت کے ذریعے جنرل باجوہ کو توسیع کی آفر کی تھی ، عمران خان نے غیر آئینی طور پر اسمبلی توڑی، ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئینی طریقے سے لائی گئی، عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے بعد غیر قانونی اقدامات کیے، تحریک انصاف کا منفی رویہ سب کے سامنے ہے، عمران خان بضد ہیں کہ عدالتوں کے سامنے پیش نہیں ہونا، یہ اور ان کے کارکن عدالتوں کو تضحیک کا نشانہ بنا رہے ہیں، یہ جتھوں کو لے کر عدالت پہنچتے ہیں،جمعہ کو اسلام آباد میں غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا غیر قانونی اقدام کسی سیاستدان نے نہیں کیا، سیاست دانوں نے پروقار انداز میں سیاست کی،خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں ن لیگ کی قیادت کو نشانہ بنایا گیا، ان کے دور حکومت میں ن لیگ کی قیادت کی گرفتاریاں کی گئیں، اسی دور میں مجھے بھی گرفتار کیا گیا،انہوں نے کہا کہ 3سال تک میرے اہل خانہ عدالتوں کا سامنا کرتے رہے، عمران دور میں جیسے اپوزیشن کوانتقام کانشانہ بنایا گیا ایسا کسی جمہوری دور میں نہیں ہوا،انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ملزم عدالت میں پیش ہونے سے انکار نہیں کرتا، لندن سے آکر نواز شریف نے اپنی بیٹی کے ساتھ گرفتاری دی، انہیں 3بار حکومت سے نکالا گیا لیکن کبھی نواز شریف نے آئین اور قانون کی خلاف ورزی نہیں کی،خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ایک مایوس آدمی ہیں جو پرتشدد کارروائیوں پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان میں عام انتخابات اکتوبر میں ہوں گے،انہوں نے کہا کہ 2لاکھ افغان امریکا جانے کے لیے پاکستان آئے، وہ ابھی تک یہیں ہیں، زلمے خلیل زاد افغانوں کو امریکا لے جانے کی بات کیوں نہیں کرتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں