سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارے بیانیے کی جیت ہے، عدلیہ میں عمران کے سہولتکاروں کو بے نقاب کریں گے، مریم نواز

اسلام آباد (انتخاب نیوز) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس مندوخیل کا آج کا فیصلہ بینچ فکسنگ کے بارے میں ہمارے بیانیے کی جیت ہے، بینچ سازی منصفانہ نہیں تو فیصلہ کیسے منصفانہ متصور ہوگا؟ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدراور چیف آرگنائزرمریم نواز شریف کے زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں نوازشریف کے خلاف غیر منصفانہ اور انتقامی فیصلے اور گواہیاں عوام کے سامنے لانے سمیت دیگر اہم فیصلے کیے گئے۔ مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس مندوخیل کا آج کا فیصلہ بینچ فکسنگ کے بارے میں ہمارے بیانیے کی جیت ہے۔ بینچ سازی منصفانہ نہیں تو فیصلہ کیسے منصفانہ متصور ہوگا؟ انہوں نے کہا کہ ٹیریان، فارن فنڈنگ اورتوشہ خانہ مقدمات میں عمران خان کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، عمران خان اپنے کرپشن مقدمات سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، عدلیہ میں عمران خان کے سہولت کاروں کو پوری قوت سے بے نقاب کریں گے۔ ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ نوازشریف کے مقدمے میں آئین اور قانون کی پامالی کو بے نقاب کیا جائے گا۔ اگر انصاف موجود ہے تو نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی جتنی شہادتیں آ رہی ہیں ان کے پیش نظر اب تک انصاف کے ترازو کے پلڑے برابر ہوجانے چاہیے تھے۔ مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ 10 نمبریوں کا صرف ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ لوٹ مار کریں، 10 نکاتی ایجنڈا نہیں 10 جھوٹ بولے ہیں،یہ جھوٹ کا ایجنڈا ہے جسے نئے نام سے پھر دہرایا جا رہا ہے۔ 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کے بجائے پاکستان میں کرپشن 14 درجے مزید بڑھ گئی تھی۔ اجلاس میں اس بارے میں حکمت عملی تیار کرلی گئی کہ ’ سہولت کاروں ‘ اور ان کے’ آلہ کار‘عمران خان کی کرپشن، بدعنوانیوں اور لوٹ مار کے حقائق لگی لپٹی رکھے بغیر سامنے لائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں