پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے رکن ارشد صدیقی کراچی سے لاپتہ، رہنماﺅں نے تصدیقی کردی
کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف سوشل میڈیا ٹیم کے رکن ارشد صدیقی کراچی سے لاپتہ ہوگئے ہیں،پی ٹی آئی رہنما راجہ اظہر اور دیگر گمشدگی کی درخواست جمع کرانے تھانہ بلوچ کالونی پہنچے۔پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق ارشد صدیقی کی گمشدگی تشویشناک ہے۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سوشل میڈیا سندھ کے آپریشن ہیڈ ارشد صدیقی لاپتہ ہوگئے، ترجمان پی ٹی آئی کراچی نے بتایا کہ ارشدصدیقی کراچی محمودآبادکے رہائشی ہیں، وہ اتوار کی صبح آٹھ بجے اپنی رہائش گاہ سے کام پر جانے کے لئے نکلے تھے۔ترجمان نے بتایاکہ پولیس نے اب تک ارشدکی گرفتاری سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی ، ارشدصدیقی کی بازیابی کیلئے مختلف تھانوں سے رجوع کررہے ہیں۔پی ٹی آئی کراچی کے ترجمان نے سوشل میڈیا رکن ارشد صدیقی کی گمشدگی کو تشویشناک قرار دے دیا۔پی ٹی آئی رہنما راجہ اظہر اور دیگر گمشدگی کی درخواست جمع کرانے تھانہ بلوچ کالونی پہنچے۔راجہ اظہر نے کہاکہ پولیس ارشد صدیقی کے لاپتہ ہونے پر تعاون نہیں کررہی، ارشد صدیقی کے بھائی گمشدگی کی درخواست لے کر تھانے آئے، عملے نے درخواست جمع کرنے سے انکار کردیاہے۔تحریک انصاف سندھ کے رہنما علی زیدی اور خرم شیر زمان نے پارٹی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ارشد صدیقی کی گمشدگی کی تصدیق کردی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں علی زیدی نے بتایا کہ کراچی سے ہماری سوشل میڈیا ٹیم کے رکن ارشد صدیقی لاپتہ ہوگئے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ گزشتہ روز ارشد اپنے کام کے لئے گھر سے نکلا تھا، اس کے بعد سے اس کا کچھ پتہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ارشد کے لاپتہ ہونے سے اغوا کے ایک اور کیس کی بو آرہی ہے۔پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے بھی پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ارشد صدیقی کی گمشدگی کو تشویشناک قرار دیا ہے۔خرم شیر زمان نے کہا کہ ارشد کی گمشدگی کے پیچھے اگر امپورٹڈ سرکار کا ہاتھ ہے تو انہیں مہنگا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ اس فاشسٹ حکومت کے ذریعے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے خلاف فاشزم جاری ہے۔ٹویٹ میں کہا گیا کہ عمران خان کے فوکل پرسن اظہر مشوانی 4 دن سے لاپتہ ہیں، سندھ آپریشن کی قیادت کرنے والے ارشد صدیقی بھی پیرکی صبح سے لاپتہ ہے، خیبرپختونخوا کی قیادت کرنے والے اکرام کھٹانہ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، خیبرپختونخوا آپریشن کی قیادت کرنے والے بلال کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا، ان کے بھائی اور والد گرفتار کرلیا گیا۔