نیٹو اتحاد کے آخری ملک ترکیہ نے فن لینڈ کو شمولیت کی منظوری دیدی

استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک) ترک پارلیمنٹ نے فن لینڈ کی شمولیت سے متعلق بل کی منظوری دے دی۔ فن لینڈ کی مغربی فوجی اتحاد نیٹو میں شامل ہونے کی تمام رکاوٹیں دور ہوگئیں۔ نیٹو سیکرٹری جنرل اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ نیٹو کے تمام 30 اتحادیوں نے فن لینڈ کی رکنیت کی توثیق کردی ہے، جس کے بعد فن لینڈ آنے والے دنوں میں باضابطہ طور پر نیٹو میں شامل ہوجائے گا۔ فن لینڈ کی رکنیت کی توثیق کرنے والے نیٹو اتحاد کے 30 ارکان میں ترکیہ سب سے آخری ملک ہے۔ فن لینڈ اور سویڈن نے گزشتہ سال یوکرین پر روس کے حملے کے بعد نیٹو میں شامل ہونے کی درخواست کی تھی۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ ترکیہ کے اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے۔ ترکیہ کی جانب سے توثیق ہونے کے بعد نیٹو کے سیکرٹری جنرل اب فن لینڈ کواتحاد میں شمولیت کیلئے باضابطہ دعوت دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں