افغانستان میں امریکی اسلحہ اور آلات ٹی ٹی پی اور بلوچ علیحد گی گروپس کے ہاتھ لگ گیا، امریکی نشریاتی ادارے کا دعویٰ

کوئٹہ، اسلام آباد (یو این اے) امریکی نشریاتی ادارے نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان کے اندر حملے کرنے والے تخریب کاروں نے افغانستان میں رہ جانے والا امریکی اسلحہ حاصل کرلیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی نشریاتی ادارے نے صورت حال پر اپنی تازہ رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ جو تخریب کار پاکستان کے اندر حملے کرتے ہیں ان کو افغانستان میں رہ جانے والا امریکی اسلحہ مل گیا ہے۔ ریڈیو فری یورپ، ریڈیو لبرٹی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق مبصرین کا کہنا تھا کہ امریکی اسلحے کے حصول سے کالعدم ٹی ٹی پی اور بلوچ علیحدگی گروپس کی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلحے کی آمد سے گزشتہ دو برس کے دوران پاکستان میں کشیدگی میں اضافہ ہوچکا ہے۔ یاد رہے کہ جب اگست 2021 ءمیں امریکا نے افغانستان سے انخلا کیا تھا تو اس نے آتشیں اسلحہ، کمیونیکیشن گیئر اور آرمرڈ گاڑیوں سمیت تقریباً 7 ارب ڈالر مالیت کے فوجی آلات اور اسلحہ چھوڑ دیا تھا۔ امریکی انخلا کے دوران افغان عبوری حکومت نے اسلحہ اپنے قبضے میں لیا تھا۔ ریڈیو نے رپورٹ کیا کہ افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد چند امریکی فوجی آلات اور ہتھیار پاکستان میں منتقل کردیے گئے جہاں اسے مسلح گروپس حکومت پاکستان کیخلاف لڑنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ سویڈن میں موجود تحقیق کار عبدالسید، جنہوں نے کالعدم ٹی ٹی پی سے رابطہ کیا تھا، نے کہا کہ کالعدم گروپس کی خطرناک جنگی ہتھیاروں تک رسائی کے بدترین اثرات پڑ چکے ہیں، خاص طور پر پاکستان میں ناقص اسلحے کی حامل پولیس پر اثرات پڑے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں