بلوچستان، کورونا کے 30فیصد ٹیسٹ مثبت آرہے ہیں، ڈاکٹر یاسر اچکزئی

کوئٹہ:ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر یاسر اچکزئی نے کہاہے کہ ینگ ڈاکٹرز نے اپنے فرائض کے ساتھ ساتھ صوبے میں کورونا وائرس کے آئیسولیشن وارڈز میں رضاکارانہ طورپر اپنی ڈیوٹیاں دینے کا فیصلہ کرلیاہے تاکہ صوبے کی عوام کو درپیش مشکلات میں کمی ہو۔اپنے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس جیسے عالمی وباء میں بھی ینگ ڈاکٹرز فرنٹ لائن پر اپنا بھرپورکرداراداکررہے ہیں اور اپنی خدمات کے دوران وہ بڑی تعداد میں کورونا میں مبتلا ہورہے ہیں ،کوئٹہ میں 200سے زائد ڈاکٹرز کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں ،بلوچستان میں جتنے ٹیسٹ ہورہے ہیں ان میں 30فیصد ٹیسٹ مثبت آرہے ہیں جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں جگہ کم پڑرہی ہے ہم نے صورتحال کی سنگینی کومدنظررکھتے ہوئے حکومت بلوچستان کو افرادی قوت بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا انہوں نے کہاکہ جب تک حکومت بلوچستان افرادی قوت کی کمی کو پورا کرتی ہے اس وقت تک ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان اپنی ڈیوٹی کے علاوہ کورونا وارڈز میں والنٹیئر لی اپنے خدمات سرانجام دینے کیلئے تیار ہیں ،کورنٹائن کا وقت پورا کرنے کے بعد میں اپنا ٹیسٹ کروائوں گا ٹیسٹ منفی آنے پر سب سے پہلے میں اپنی خدمات پیش کروںگی بلکہ ینگ ڈاکٹرز کی کابینہ اور ایگزیکٹو سب سے پہلے اپنی خدمات سرانجام دینگے ،انہوں نے صوبے بھر کے ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ فارغ اوقات میں اپنے فرائض کورونا وارڈز میں دیں کیونکہ اس وقت صورتحال سنگین ہوتاجارہاہے بلکہ عوامی مشکلات میں بھی اضافہ ہواہے ،جب تک حکومت کی طرف سے افرادی قوت کی کمی پوری کی جائیگی ہم والنٹیئرلی اپنی خدمات سرانجام دینگے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں