حکمران صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں, حافظ حسین احمد

کوئٹہ(پ ر) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے صحافیوں کے قتل اور صحافیوں سے ہونے والی ذیادتیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمران صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں، سچ لکھنے والے صحافیوں کو قتل کیا جاتا ہے اور جھوٹے مقدمات درج کئے جاتے ہیں، سچ لکھنے پر جیکب آباد میں صحافی ذوالفقار مندرانی اور جوہدپور کبیر والا کے نوجوان صحافی را مرتضیٰ پرویز کو گولیوں سے چھلنی کرکے شہید کردیا گیا، پولیس صحافیوں کے قتل میں ملوث قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، صحافیوں کے قتل میں ملوث سفاک قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، صحافیوں پر درج جھوٹے مقدمات ختم کئے جائیں اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ اتوار کے روز اپنی رہائشگاہ جامع مطلع العلوم میں صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ جیکب آباد کے علاقے دوداپور میں صحافی ذوالفقار مندرانی کو سچ لکھنے پر بے رحمانہ انداز میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا اورکئی روز گذرنے کے باوجود پولیس صحافی ذوالفقار مندرانی کے قتل میں ملوث قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے جبکہ جوہدپور کبیر والا کے نوجوان صحافی را مرتضیٰ پرویز کو ڈاکوؤں نے گولیوں کا نشانہ بنا کرقتل کردیا صحافی کے قتل میں ملوث قاتلوں کی عدم گرفتاری قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ مظالم کے واقعات میں اضافہ ناقابل برداشت ہیں،انہوں نے کہا کہ سندھ کے مختلف علاقوں جھمپیر کے صحافی اکبر شوری اور نوشیروفیروز کے سینئر صحافی اخلاق جوکیو پر جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ اسلام کوٹ کے صحافی اشوک کمار کے گھر پر حملہ، ڈہرکی کے صحافی رمیش کمار پر کراچی پولیس کا تشدد اورلکھی غلام شاہ میں صحافی جمیل مہر کو گولیوں مار کر شدید زخمی کرنے کے واقعات حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، انہوں نے کہا کہ سچ کی آواز کو دبانے کے لیے صحافیوں کو قتل کیا جاتاہے اور صحافیوں پر جھوٹے مقدمات درج کرکے انہیں حراساں کیا جاتا ہے مگر صحافی کبھی ایسے ظلم و جبر کے سامنے نہیں جھکے اور ہمیشہ سچ کا علم بلند کیا جس پر صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام شہید ہونے والے صحافیوں ذوالفقار مندرانی اور را مرتضیٰ پرویز کے ورثہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور مطالبہ کرتے ہیں صحافیوں کے قتل میں ملوث قاتلوں کو فلفور گرفتار کیا جائے اور صحافیوں پر درج جھوٹے مقدمات ختم کرکے صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں