بلال نورزئی کے خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے،وزیر اعلی اور گورنر کی کوئی حیثیت نہیں، نواب جوگیزئی

کوئٹہ:پشتون قومی جرگے کے مرکزی کنو نیئر وپشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما نواب ایاز خان جو گیزئی نے ہزارہ ٹاؤن واقعہ میں بلال نورزئی کی شہادت پر افسوس کا اظہار کر تے ہو ئے کہا ہے کہ اگر حکومت نے مقتول کے خاندان کو انصاف فراہم نہ کیا تو ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے اب ہم گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے میتوں کو نہیں لے کرجائینگے کیونکہ گورنر اور وزیراعلیٰ کی کوئی حیثیت نہیں۔ گزشتہ روز بلال شہید کے فاتحہ خوانی کے موقع پر اظہار خیال کر تے ہوئے نواب ایاز خان جو گیزئی نے کہا ہے کہ پشتونوں کو اب مزید نہ آزمایا جائے پشتون قوم نے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں اب مزید پشتونوں پر ظلم، بربریت کو برداشت نہیں کرینگے ہمارے اکابرین کو بھی دہشتگردی کا نشانہ بنایا بلکہ پشتونوں کے کسی بھی طبقے کو نہیں چھوڑا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ پشتونوں کے سیاسی قائدین پر کئے گئے ہیں بلکہ کئی سیاسی قائدین کوبھی شہید کیا گیا ہے اگر اب بھی ہم نے حالات کا ادارک نہ کیا تو ہم مزید بر باد ہونگے ان کا کہنا تھا کہ بلال نورزئی کی شہادت قابل مذمت اقدام ہے حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بلال شہید کے لواحقین کو انصاف فراہم کرے اگر اب بھی مقتول کے خا ندان کو انصاف فراہم نہیں کیا گیا توپھر ہم خود انصاف کرینگے، انہوں نے کہا کہ پشتونوں نے دوسروں کے لئے بہت جنگیں لڑی ہیں اب ہم اپنے قوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے اگر آج بھی ہم متحد نہ ہوئے تو پھر کبھی بھی متحد نہیں ہو سکتے،انہوں نے کہا کہ پشتون ہمارے وجود کا حصہ ہے عدل وانصاف کرنا ہماری ذمہ داری ہے فاتحہ خوانی ختم ہونے کے بعد ہم سب مل بیٹھ کر فیصلہ کرینگے انہوں نے کہا ہے کہ اب گورنر اور وزیراعلی کے سامنے مطالبات کے حق لئے لاشیں نہیں لے جائینگے گورنر اور وزیراعلی خود بے اختیار ہے وہ انصاف دینے والے نہیں ہے اب ہم خود انصاف کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں