کبھی پاکستان کا برا نہیں چاہا، ہم پر تخریب کاری کا فتویٰ لگانے والے کون ہیں، مراد سعید

اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے روپوش رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ کبھی پاکستان کا برا نہیں چاہا، ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک آڈیو بیان میں پی ٹی ٹی رہنما کا کہنا تھا کہ جب تخریب کاری کی جنگ شروع ہوئی، تب میری عمر 18 سال تھی، ہم بے گھر ہوئے اور ماں زندہ لاش بن گئی، جو نیشنل کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کے خواب دیکھتا تھا اس کا مستقبل تاریک ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ پردہ دار بہنوں کو راشن کے لیے لائنوں میں لگتے دیکھا اور پردیس میں والد روتے تھے جس گھر کو بنایا وہ مٹی کا ڈھیر ہوگیا، ہماری زبانوں پر شکوہ تک نہیں آیا، کبھی پاکستان کا برا نہیں چاہا، ہم نے ٹکڑے سمیٹے اور اپنے شہروں کی تعمیر میں لگ گئے۔ سابق وزیر کا کہنا تھا کہ آج ہم پر تخریب کاری اور غداری کے فتوے لگاتے ہیں، یہ لوگ کون ہیں؟ پی ڈی ایم نے پہلے پروگرام میں پاکستان اور پاکستانی اداروں کے بارے میں زہر اگلا، یہ سارے ہمیں حب الوطنی کا درس دیتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں