تحریک انصاف کے سینیٹرز کی جانب سے 9 مئی پر مذمتی قرارداد سینیٹ میں جمع
اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے سینیٹرز کی جانب سے نو مئی کے واقعات سے متعلق مذمتی قرارداد سینیٹ میں جمع کروادی گئی۔ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز نے نو مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اس حوالے مذمتی قرارداد سینیٹ میں جمع کرادی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عسکری اور تاریخی عمارتوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ ایوان 9 مئی کو جی ایچ کیو، جناح ہاوس پر ہونے والے پرتشدد حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، جناح ہاس لاہور میں کور کمانڈر رہائش پذیر ہیں اسے بھی آگ لگا دی گئی تھی، بانی پاکستان محمد علی جناح کے قیمتی سامان کو بھی نذر آتش کیا گیا جب کہ شہدا کی یادگاریں بھی جلادی گئیں۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ تاریخی عمارتوں، مساجد اور اسکولوں کو آگ لگائی گئی اور نقصان پہنچایا گیا، یہ ایوان اپنے اداروں کے ساتھ اظہار یک جہتی اورغیر متزلزل حمایت کرتا ہے، مسلح افواج ،سیکیورٹی ایجنسیوں اور بڑے پیمانے پر ان واقعات سے متاثر ہونے والے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔