سینیٹر سیف اللہ نیازی نے دوبارہ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی

اسلام آباد (آئی این پی) سینیٹر سیف اللہ نیازی نے دوبارہ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ،سینیٹر سیف اللہ نیازی نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 9مئی کے واقعات کی مذمت کی،سینیٹر سیف اللہ نیازی نے 26مئی کو نیشنل پریس کلب میں تحریک انصاف چھوڑ نے کااعلان کیاتھا۔سوموار کو پارلیمنٹ ہاوس کے باہر تحریک انصاف کے سینیٹرز جن میں سینیٹر فیصل سلیم رحمان ،سینیٹرہمایوں مہمند،سینیٹر زرقاتیمور، سینیٹر سیمی ایزدی ،سینیٹرفلک ناز چترالی ،سینیٹرفدا محمد،سینیٹرذیشان خانزادہ اور سینیٹر سیف اللہ نیازی شامل تھے نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور سب نے 9مئی کے واقعات کی مذمت کی انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے ایک مذمتی قرارداد بھی سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کی ہوئی ہے 9مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے بارے میں تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کے سول عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں پاکستان ہے تو ہم ہیں پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد۔تحریک انصاف کے سینیٹرز نے سوالات نہیں لیے اور پریس کانفرنس کرکے فوری طورپر چلے گئے ۔اس موقع پر جب سینیٹرز پریس کانفرنس کرنے آئے تو نیشنل پریس کلب میں تحریک انصاف چھوڑنے کااعلان کرنے والے سینیٹر سیف اللہ نیازی بھی ان کے ہمراہ تھے صحافی نے جب وہ پریس کانفرنس سے خطاب کرنے لگے تو سوال کیا کہ آپ تحریک انصاف سے ہیں جس پر سینیٹر زرقا نے کہاکہ وہ معزز سینیٹر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں