قمر جاوید باجوہ نے جنہیں مسلط کیا وہی ان کو گالیاں دے رہے ہیں، ایمل ولی خان

پشاور (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ یہ قدرت کا نظام ہے کہ جن کو جنرل باجوہ نے بنایا آج وہی ان کو گالیاں دے رہے ہیں۔ یہ جنرل باجوہ ہی کی سنگین غلطی تھی کہ اپنے دور میں پی ٹی آئی کو قوم پر مسلط کیا اور پی ٹی آئی اور پرو پی ٹی آئی قوم پرستوں کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں کو پارلیمان سے باہر کیا۔ یہ سوال اب بھی اپنی جگہ پر قائم ہے کہ اپنے دور میں جنرل باجوہ نے کن کن کے بکسے بھرے۔ فرانس میں سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر ردعمل دکھاتے ہوئے صدر اے این پی پختونخوا ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ آج جنرل باجوہ کو وہ لوگ بھی گالیاں دے رہے ہیں جو کبھی ان کیلئے باپ کا درجہ رکھتے تھے۔ ہم آج بھی دہراتے ہیں کہ تمام اداروں کو اپنے آئینی دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔ جب تک ہم ماضی کی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھتے ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے اندر آپ تنقید کریں لیکن باہر جاکر اپنے آپ، ملک اور قوم کیلئے جگ ہنسائی کا سبب نہ بنے۔ یہ پشتونوں کی روایات نہیں کہ خواتین کے سامنے آپ گالم گلوچ کریں۔ یہ رویے کسی بھی طور پر ایک قوم کیلئے باعث فخر نہیں ہوسکتے۔ ملک سے باہر کسی دوسرے ملک کے شہری کو کس طرح یہ اجازت دی جاسکتی ہے وہ کسی کو گالیاں دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں