انجیرہ واقعہ افسوسناک و ناقابل برداشت، سردار جتک سے رابطے میں ہوں، نواب زہری

اسلام آباد/ خضدار: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ انجیرہ واقعہ افسوسناک، قابل مذمت و ناقابل برداشت ہے۔یقینا اس طرح کے واقعات قبائلی روایات اور اقدار کے برخلاف ہیں،سردار محمد علی خان جتک اور ان کے دیگر ساتھیوں کے ساتھ جوواقعہ پیش آیا ہے اس پر میں از خود افسردہ ہوں۔ اس واقعہ کی تہہ تک جانا اور اس کا تدارک کرناو ملوث کرداروں کو قبائل کے سامنے عیاں کرنا مجھ پر اورہم سب پر فرض ہے۔اس حوالے سے میں اپنا کردار ادا کرونگا۔ میں اس وقت ملک سے باہر ہوں جیسے ہی میر ی وطن واپسی ہوتی ہے تو میں پہلی ہی فرصت میں وہاں پہنچ کرجتک قبیلہ سمیت تمام قبائل کا ایک جرگہ طلب کرونگا سب کی رائے اور مشاورت سے فیصلہ کریں گے تاکہ اس طرح کے ناخوشگوار واقعات کا سدِ باب کرکے حتمی طور پر یہ فیصلہ کریں کہ آئندہ کسی کو ایسا حرکت کرنے کی ہمت اور جرت نہ ہو۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے آج مسلم لیگ (ن) خضدار کے صدر و سابق چیئرمین میر عبدالرحمن زہری سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا تھا میں انہی قبائل اور عوام میں سے ہوں ان کی عزت میری عزت ہے۔ہماری ایک تاریخ رہی ہے کہ قبائلی اقدار، ننگ و ناموس اور روایات کی حفاظت کریں و اس پر کاربند رہیں۔بطورِ چیف آف جھالاوان میں اپنے لوگوں کا ہمدرد اور محافظ ہوں۔ انجیرہ میں جو سازش کی گئی اور جس طرح اقدار کی پائمالی ہوئی ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔ جس دن یہ واقعہ پیش آیا ہے میں متاثرہ خاندان اور اپنے رفقاء سردار محمد علی خان جتک اور ان کے ساتھیوں سے مسلسل رابطے میں ہوں۔ انشاء اللہ میں واپس وطن پہنچ کر قبائلی زعماء کا ایک جرگہ بلاؤنگا اور ان کو تمام تر حقیقت سے آگاہی دینے و ان سے تجاویز و مشاورت حاصل کرنے کے بعد ایک اہم نقطہ پر پہنچ کر اس واقعہ کی سدِ باب کریں گے۔ تاکہ آئندہ اس طرح کے ناقابل فراموش واقعات پیش نہ آئے اور نہ ہی کوئی اس طرح کے واقعات کا تصور کرسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں