حکومت اپنے آقاؤں کی ایماء پر پُر امن احتجاج کا راستہ روک رہی ہے، حاجی لشکری رئیسانی

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے متحدہ اپوزیشن کیساتھ حکومت کے ناروا رویہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت وقت اپنے آقاؤں کی ایماء پر صوبے میں سیاسی عمل اور پرامن احتجاج کا راستہ روک رہی ہے۔ اپنے جاری مذمتی بیان میں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ ہمارا مقابلہ ایک ایسے نظام سے ہے جہاں پر ریاستی ادارے اورحکومتی ایوان کے دروازے سمگلرز کیلئے تو کھلے ہیں مگر منتخب نمائندوں کیلئے ریاستی طاقت کے ذریعے ان راستوں کو بندکرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ متحدہ اپوزیشن کے اراکین کو وزیر اعلی ہاوس کے سامنے مطالبات کے حق میں پرامن سیاسی احتجاج سے روکنااس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت وقت اپنے آقاؤں کے اشارے پر صوبے میں سیاسی عمل اور پرامن احتجاج کا راستہ روک رہی ہے جو ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کیساتھ حکومت کے ناروا رویہ کیخلاف کوئٹہ شہر کی مختلف شاہراہوں پرہونے والے احتجاج سے یہ پیغام ملا ہے کہ بلوچستان کی عوام اور سیاسی کارکن حکومت وقت اور اس کی سرپرستی کرنے والوں کے رویہ سے شدید نفرت کرتے ہیں احتجاج میں بڑی تعداد میں سیاسی کارکنوں اور عوام کی شرکت اس نفرت کا اظہار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں