پاکستانی بندرگاہوں پر 4 ارب ڈالرز کے کنٹینرز رکے ہوئے ہیں، ٹیکس ایڈوائزر ایسوسی ایشن
لاہور (این این آئی) پاکستان ٹیکس ایڈوائزر ایسوسی ایشن کے سینئر رہنما چودھری امانت بشیر نے کہا ہے کہ حکومت نے بجٹ میں ایل سیز اور امپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے کوئی پالیسی وضع نہیں کی ،ایک تخمینے کے مطابق اب بھی پورٹس پر 4ارب ڈالرز کے کنٹینرز رکے ہوئے ہیں ۔ اپنے دفتر میں امپورٹرز کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایل سیز کے مسائل کی وجہ سے صنعتوں کی کئی شفٹیں بند ہو چکی ہیں ، خام مال میسر نہ آنے سے برآمدات بھی بری طرح متاثر ہورہی ہیں،معاشی تنزلی کی وجہ سے 7640ارب کا ٹیکس ہدف پورا نہیں ہو سکا تو آئندہ مالی سال میں9200ارب کس طرح اکٹھے ہوں گے۔ تاریخ میں پہلی بار7574ارب خسارے کا بجٹ پیش کیا گیا ہے جبکہ حکومتی وزرا ءسب اچھا کی رپورٹ پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اکنامک سروے نے ہماری معیشت کا پول کھول کر رکھ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں آئے گا معاشی استحکام خواب ہی رہے گا ۔