میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے 10 روز میں کسی ایک یوسی سے الیکشن لڑ کر قانونی تقاضے پورا کریں گے، مرتضیٰ وہاب
کراچی (انتخاب نیوز) نومنتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آئندہ 10 روز کے اندر میں اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ کسی ایک یونین کمیٹی سے بطور چیئرمین منتخب ہوکر قانونی تقاضہ پورا کریں گے۔ ڈپٹی میئر کراچی عبداللہ و دیگر بلدیاتی عہدیداران کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہماری کام کی نیت بھی ہے اور آپ سب کو کراچی میں کام ہوتا نظر بھی آئے گا، تنقید کا جواب تنقید سے نہیں دیں گے بلکہ کام کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایسا نظام حکومت لے کر آئے گی کہ صاف شفاف طریقے سے ہم چیزوں پر عمل پیرا ہوسکیں گے اور لوگوں کو وہ بہتری نظر آئے گی۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آئندہ 10 روز کے اندر میں اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ ہم دونوں کسی ایک یونین کمیٹی سے بطور چیئرمین منتخب ہوکر قانونی تقاضہ پورا کریں گے، ہم 6 مہینے کا پورا وقت استعمال نہیں کریں گے بلکہ 10 روز کے اندر ہی اعلان کردیں گے کہ ہم دونوں کس یونین کمیٹی سے الیکشن لڑرہے ہیں اور الیکشن کمیشن سے توقع کریں گے کہ جلد از جلد اس پر انتخابات کروا دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم منتخب نہیں ہیں حالانکہ ہمیں کونسل کے منتخب اراکین کی اکثیرت نے منتخب کیا ہے، قانون کے مطابق پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان مقابلہ ہوا اور پیپلزپارٹی اس معرکے میں کامیاب ہوئی۔