آمنہ بلوچ یورپی یونین اور بیلجیئم میں پاکستان کی سفیر تعینات، برسلز میں ذمہ داریاں سنبھال لیں

اسلام آباد (انتخاب نیوز) یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے نئی پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے سفارت خانہ پاکستان برسلز میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ ان کی تعیناتی حکومت پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر اسد مجید خان کو سیکٹری خارجہ بنائے جانے کے بعد عمل میں آئی ہے، وہ اس سے قبل یورپی یونین میں پاکستانی سفیر تھے۔ اس تعیناتی سے قبل آمنہ بلوچ ملائیشیا میں پاکستانی ہائی کمشنر کے طور پر خدمات سر انجام دے رہی تھیں۔ تاریخ میں ماسٹرز ڈگری کی حامل آمنہ بلوچ نے 1991 میں فارن سروس میں شمولیت اختیار کی اور متعدد ممالک میں مختلف ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے حکومت کے اعلیٰ ترین گریڈ بی پی ایس 22 تک پہنچیں۔ اس ترقی کے بعد انہیں دنیا کے دوسرے بڑے اقتصادی بلاک اور 27 ممالک کی سنگل مارکیٹ رکھنے والے یورپین یونین اور اس کے اہم ترین ملک بیلجیئم کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں اضافے کیلئے سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں