سانحہ 9 مئی کے بعد لاپتہ انجینئرکی بازیابی کا کیس، سی سی پی او لاہور ذاتی حیثیت میں طلب
لاہور (این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ 9مئی کے بعد لاپتہ انجینئرکی بازیابی کے کیس میں سی سی پی او لاہور کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار روبینہ خوشنود نے اپنے بیٹے منیب کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کررکھی ہے۔ والدین بیٹے کی بازیابی کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ گلفام مسلم رانا نے دلائل پیش کیے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ میرا بیٹا آئی ٹی انجینئر ہے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں، نو مئی کے بعد 16 مئی کو میرے بیٹے کو بغیر کسی الزام کے اٹھا لیا گیا، رات ڈیڑھ بجے 28سے 30افراد آئے جو ہمارے بیٹے کو اٹھا کر لے گئے۔ایڈووکیٹ گلفام نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے بیٹے کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے، عدالت درخواست گزار کے بیٹے کو بازیاب کروانے کا حکم دے۔عدالت نے ایس پی سکیورٹی عمارہ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ بالکل کام نہیں کر رہی، آپ نے ٹھیک طریقے سے کیس کو انویسٹی گیٹ نہیں کیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ جب ملزم کسی مقدمے میں مطلوب یا ملوث ہی نہیں تو وہ ہے کہاں، آپ کو دو دن کا وقت دیا جاتا ہے، مدعی کے بچے کو عدالت میں پیش کیا جائے۔عدالت نے سی سی پی او لاہور کو کل (جمعرات )22جون ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔