عمران خان کو دھمکیاں دینے سے متعلق مریم نواز اور رانا ثنا اللہ کیخلاف مقدمے کی درخواست مسترد
کراچی (این این آئی) عدالت نے تحریک انصاف کے سربراہ کو دھمکیاں دینے سے متعلق مریم نواز اور وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کو دھمکیاں دینے سے متعلق مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز اور وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے مقدمہ درج کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار کو پارٹی لیڈر کی جانب سے عدالت سے رجوع کرنے لئے اتھارٹی نہیں دی گئی۔ سیاست دان اور بیوروکریٹس ٹالک شو میں ایک دوسرے دوسرے کیخلاف بات کرتے رہتے ہیں۔ درخواست پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تو دن بدن مقدمات کا بوجھ بڑھتا رہے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن شوکت علی بھنڈ ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ رانا ثنا اللہ نے انٹرویو میں پی ٹی آئی سربراہ کو جان سے مارنے یا مروانے کی بات کی۔ رانا ثنااللہ اپنی لیڈر مریم نواز کے احکامات پر عمل پیرا ہیں۔