پی آئی اے میں 250 ملازمین کی بھرتیوں سے متعلق آڈیٹر کمپنیوں کے نمائندے طلب

اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ نے پی آئی اے میں 250 ملازمین کی بھرتیوں کی اجازت سے متعلق دائر درخواست پر آئندہ سماعت پر پی ائی اے کی آڈیٹر کمپنیوں کے نمائندوں کو طلب کرلیا ۔جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ وکیل پی آئی اے سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ سپریم کورٹ سے کیبن کریو سمیت 250 ملازمین کی اجازت طلب کی گئی ہے۔ وکیل پی آئی اے نے کہاکہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے آپریشنز اور فنانس سے متعلق سوالات پوچھے تھے۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ عدالتی سوالات کے جوابات جمع کروادئیے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ پی ائی اے کے اس وقت کتنے جہاز اور عملہ ہے؟ ۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ پی ائی اے کے پاس 31 جہاز ،341 کریو ہے، کیبن کریو انتہائی لازمی ہے۔فنانس ہیڈ پی ائی اے نے کہاکہ بہت سے روٹس پر عملہ کی عدم دستیابی کے باعث فلائیٹس نہیں چلا سکتے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ کیا بات کر رہے ہیں آپ جہاز ہی نہیں تو کیسے چلائیں گے؟کیا پی ائی اے منافع کما رہی ہے ؟ پی ائی اے حکومت سے کتنی گرانٹس لیتی ہے۔ نمائندہ پی آئی اے نے کہاکہ مجموعی طور پر 383 بلین کا خسارہ ہے، گزشتہ مالی سال میں 88 ارب کا خسارہ ہوا ہے۔ نمائندہ پی آئی اے نے کہاکہ اگر سابقہ خسارے کو پی آئی اے سے علیحدہ کردیا جائے تو بہتری ہو سکتی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ گزشتہ 9ماہ میں پی ائی اے کی کارکردگی بہتری رہی ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ پی ائی اے نے سارے حج آپریشنز آو¿ٹ سورس کردئیے ہیں، جہاز ہی نہیں تو آپریشنز کیسے چلیں گے۔ بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت 5جولائی تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں