فضل الرحمن کیخلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا بے نقاب، جے یو آئی نے وضاحت کردی
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے خلاف سوشل میڈیا پر کیا جانے والا پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا۔گزشتہ روز مولانا فضل الرحمن نے ٹانک میں، ٹانک پیزو روڈ توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا۔اس منصوبے کی افتتاحی تختی کا سوشل میڈیا پر وائرل ہونا تھا کہ اس میں ردو بدل کر کے مولانا فضل الرحمن کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر دیا گیا۔تختی پر 38 کلو میٹر کو 4 کلو میٹر لکھ کر اس پر آنے والی لاگت پر تنقید کا نا ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو گیا جس کا اب بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزارت اطلاعات و نشریات کے آفیشل ٹوئٹر اکاو¿نٹ کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ نے حقیقی اور ترمیم شدہ تختی کی اصلیت کھول کر رکھ دی ہے جس کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے 38 کلو میٹر طویل سڑک کا ہی افتتاح کیا گیا ہے۔اس پروپیگنڈا سے متعلق اب جے یو آئی (ف) کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاو¿نٹ پر بھی پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں لکھا گیا کہ مفتی محمود چوک تا قریشی موڑ بائی پاس سے متعلق ترجمان مولانا اسعد محمود کی وضاحت، مفتی محمود چوک تا قریشی موڑ بائی پاس 4 کلومیٹر کا نہیں 36 کلومیٹر کا پراجیکٹ ہے۔مکمل پراجیکٹ میں ڈبل روڈ، بائی پاس اور فلڈ سے بچانے کیلئے انتظامات شامل ہے۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی پوسٹس حقائق کے منافی ہے۔