برازیل میں مسلح نوجوان کی اسکول میں گھس کر فائرنگ، 16 سالہ لڑکی ہلاک، طالبعلم زخمی

برازیلیا (این این آئی) برازیل میں مسلح نوجوان نے ایک اسکول میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 16 سالہ لڑکی ہلاک اور ایک طالب علم زخمی ہوگیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کے جنوبی شہر میں واقع پروفیسر ہیلینا کولوڈی پبلک اسکول میں 21 سالہ سابق طالب علم نے 21 سے زائد گولیاں چلائیں۔ مسلح طالب علم دستاویزات لینے اسکول آیا تھا۔حملہ آور سابق طالب علم کو گرفتار کرلیا گیا۔ واقعے کے محرک کا تعین نہیں ہوسکا۔ تفتیشی عمل جاری ہے۔فائرنگ سے 16 سالہ لڑکی ہلاک ہوگئی جب کہ ایک 17 سالہ طالب علم زخمی ہے، جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔برازیل میں ایک سال کے دوران اسکولوں پر حملوں کے 12 سے زائد واقعات رونما ہوئے ہیں۔ 5 اپریل کو ایک ڈے کیئر سنٹر پر حملے میں 4 بچے ہلاک ہوگئے تھے۔اسی طرح گزشتہ برس نومبر میں دو اسکولوں میں ایک سابق طالب علم کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں