نادرا اسمارٹ کارڈز، آئرس اور مردم شماری ٹیبلیٹس کی خریداری میں 14 ارب روپے کرپشن کا انکشاف
اسلام آباد (آن لائن) نادرا میں اسمارٹ کارڈز کے حصول، آئرس اور مردم شماری ٹیبلیٹس کی خریداری میں چودہ ارب روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ صرف چیئرمین نادرا نے استعفیٰ دیا ہے،دیگر افسران اب بھی اپنے عہدوں پرکام کر رہے ہیں۔نور عالم خان نے کہا کہ چودہ ارب روپے کا کیس ہے۔نادرا کے تمام سینئر افسران ملوث ہیں۔ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین نور عالم خان نے اجلاس میں بتایا کہ مجھے ایک خط کے ذریعے نادرا میں کرپشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی اے سی نے خط ارکان کمیٹی اور میڈیا کو فراہم کردیا۔ خط میں سابق چیئرمین نادرا طارق ملک سمیت نادرا اور نادرا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ (این ٹی ایل) کے متعدد افسران کی کرپشن کی نشاندہی کی گئی۔ خط میں کہا گیا کہ طارق ملک نے نادرا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کو من پسند افراد بھرتی کرنے کیلئے استعمال کیا۔ بھرتی کیے گئے من پسند افراد نے کرپشن میں طارق ملک کی مدد کی۔ ایف آئی اے نے پی اے سی اجلاس میں بتایا کہ آئرس، مردم شماری ٹیبلیٹس خریداری کیس میں سابق چیئرمین نادرا کا بیان ریکارڈ کرلیا ہے۔ اس پر جے آئی ٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ صرف چیئرمین نادرا نے استعفیٰ دیا ہے دیگر افسران اپنے عہدوں پرکام کررہے ہیں۔ جس پر شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ انکوائری چل رہی ہے مکمل ہونے تک ان افسران کو عہدوں پر نہیں رہنا چاہیے۔ نور عالم خان نے کہا کہ چودہ ارب روپے کا کیس ہے، نادرا کے تمام سینئر افسران ملوث ہیں۔