لے پالک بچوں کا علاج بھی پرائیویٹ اسپتالوں سے کرانے کا بل کسی طور قبول نہیں، نور عالم خان

اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین سینیٹ مراعات بل، پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے چیرمین نور عالم خان نے قومی اسمبلی کے فلور پر بل کی مخالفت کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ مشکل معاشی صورتحال میں تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کسی طور بھی قابل قبول نہیں ہے۔منگل کے روز پبلک اکاﺅ نٹس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیرمین پی اے سی نے کہاکہ اس وقت ملک شدید معاشی حالات کا شکار ہے اور تمام ادارے قرضوں پر چل رہے ہیں ان حالات میں تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل پیش نہیں ہونا چاہیے اور ہم اسمبلی کے فلور پر اس کی مخالفت کریں گے انہوںنے کہاکہ اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کی تنخواہیں اور مراعات گریڈ 22کے آفسران کے برابر ہونی چاہیے جو کہ اس وقت نہیں ہیں ا ن حالا ت میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل پیش کرنا اور ایسی مراعات مانگنا جس میں تاحیات سہولیات حاصل ہوں درست نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ چیئرمین سینیٹ کےلئے سرکاری جہاز نہ ہونے کی صورت میں نجی ائر لائن سے جہاز چارٹرڈ کرنا اور ان کے لے پالک بچوں کا علاج بھی پرائیویٹ ہسپتالوں سے کرانے کا بل کسی طور پر قبول نہیں ہے یہ اسلام اور شریعت کے بھی خلاف ہے ہم اس کی اسمبلی کے فلور پر شدید مخالفت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں