قومی سیاست اور فکر باچاخان سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،اصغر خان اچکزئی

لورالائی (یو این اے) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ ہم اپوزیشن میں ہوں یا حکومت میں قومی سیاست اور فکر باچاخان سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔پشتونوں کے اجتماعی مسائل کے حل او ران کی تعمیر وترقی کے لئے ماضی کی طرح حل اور مستقبل میں بھی صف اول میں موجود رہیں گے ،اپنے عوام کی ترقی اور ان کے لئے روشن مستقبل کی ضمانت مانگنا اگر جرم ہے تو ہم یہ جرم کرتے رہیں گے ، لورالائی سے کوئٹہ تک لانگ مارچ عوام کے حقوق کے حصول کے لئے تھا جس میں ہمیں کامیابی حاصل ہوئی ہمیں کریڈٹ لینے کا کوئی شوق نہیں لیکن جو لوگ کریڈٹ لینے کی تگ و دو کررہے ہیں انہیں پتہ ہونا چاہئے کہ لورالائی میں اب بھی بہت سارے عوامی مسائل جوں کے توں پڑے ہیں آپ نے انہیں حل کرنا ہے تو بسم اللہ کریں ہم آپ کے ساتھ ہیں ، لانگ مارچ کے شرکاکے پیروں میں پڑنے والے چھالے اپنے ذاتی فائدے کے لئے نہیں بلکہ یہ لورالائی کے روشن مستقبل کے لئے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر وصوبائی پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی ، صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا ، ضلع لورالائی کے صدر منظور خان کاکڑ ایڈووکیٹ ، راز محمد ترکئی و دیگر مقررین نے پشتونستان چوک لورالائی میں لانگ مارچ کے مطالبات کی منظوری اورتحریک کی کامیابی کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماﺅںنے لانگ مارچ کے تمام شرکااور اہلیان لورالائی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ لانگ مارچ کسی بھی فرد کے ذاتی مفاد کی خاطر نہیں تھا نہ ہی ہمارے ساتھیوںکے پیروں میں چھالے اس لئے پڑے کہ وہ اپنے لئے کوئی ڈیمانڈ کررہے تھے ان کے مطالبات لورالائی کے اجتماعی مسائل کے حل کے لئے تھے اور ہمیں یہ بتاتے ہوئے فخر اور خوشی ہورہی ہے کہ لانگ مارچ کے شرکانے پرامن جدوجہد کرکے کامیابی حاصل کی اس لانگ مارچ کے نتیجے میں سپیرہ راغہ روڈ کے لئے ایک ارب روپے رکھ دیئے گئے ہیں اسی طرح لورالائی میں ڈیموں کی تعمیر کے لئے ستر کروڑ رکھے مختص کئے گئے ہیں لانگ مارچ کے شرکاکے پیروں سے بہتاہوا خون اہلیان لورالائی کے روشن مستقبل کی نوید ثابت ہوا ۔ نہ صرف ترقیاتی منصوبے بجٹ کا حصہ بنے ہیں بلکہ سب ڈویژن میختر کے قیام اور سب تحصیل چنجن کے قیام کی بات بھی آخری مراحل میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں